ہفتہ 25 جولائی 2026 - 19:10
سقیفہ بنی ساعدہ کا ظلم آج بھی انسانیت کو بھگتنا پڑ رہا ہے: آیت اللہ سعیدی

حوزہ/ قم المقدسہ میں حرم حضرت فاطمہ معصومہؑ کے متولی آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا کبھی ختم ہونے والا نہیں اور آج دنیا کے مختلف خطوں میں ہونے والے مظالم، سقیفہ بنی ساعدہ میں ہونے والی ناانصافی کے تسلسل کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے اربعین کے زائرین کی خدمت کو ایک عظیم الٰہی عبادت قرار دیتے ہوئے اخلاص، نظم و ضبط اور اعلیٰ معیار کی خدمت پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت فاطمہ معصومہؑ کے حرم کے متولی اور امام جمعہ قم آیت اللہ سید محمد سعیدی نے نجف سے کربلا پیدل مارچ کے راستے پر عمود 1080 میں قائم حرمِ حضرت معصومہؑ کے موکب کے خدام سے ملاقات کے دوران کہا کہ امام رضاؑ نے امام حسینؑ کی عزاداری اور یاد کو زندہ رکھنے کی خصوصی تاکید فرمائی ہے، اور موکب کی تمام خدمات حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی عنایت کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام انبیائے الٰہی نے انسانوں کی ہدایت کے لیے سخت ترین مشکلات برداشت کیں، باطل قوتوں کا مقابلہ کیا اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیا، لیکن کبھی اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے۔

آیت اللہ سعیدی نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وہ واحد نبی ہیں جنہوں نے اپنی رسالت کا اجر اہل بیتؑ کی محبت کو قرار دیا، کیونکہ دین کی بقا اور رسالت کا تسلسل اہل بیتؑ سے قلبی اور عملی وابستگی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ غدیر کو نظر انداز کرنے کے جو نقصانات سامنے آئے، ان کے اثرات آج بھی پوری دنیا میں دکھائی دیتے ہیں، اور موجودہ دور کے ظلم و ستم اسی تاریخی ناانصافی کا تسلسل ہیں۔

امام جمعہ قم نے موکب کے خدام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیتؑ کی محبت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ یہ طرزِ زندگی مستقل کردار میں ڈھل جائے۔

انہوں نے شہداء کی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہادت سے پہلے بھی شہیدانہ زندگی گزارتے تھے، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے انہیں عظیم اجر سے نوازا۔ آیت اللہ سعیدی نے مزید کہا کہ ایران کے "قائدِ عظیم الشان" اور "شہیدِ ایران" کی پوری زندگی شہیدانہ کردار کی بہترین مثال تھی، کیونکہ انہوں نے عبادت، خدا کی بندگی اور طاغوت سے اجتناب کو اپنی زندگی کا شعار بنایا۔

انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا آج بھی زندہ ہے اور اربعین کے زائرین کی خدمت کرنے والے درحقیقت سیدالشہداءؑ کے محاذ کے سپاہی ہیں۔ ان کے بقول کربلا کا پیغام 1400 برس بعد بھی انسانیت کو اپنی طرف بلاتا ہے۔

آخر میں آیت اللہ سعیدی نے زور دیا کہ اربعین کے موکبوں میں خدمت اخلاص، خوش اخلاقی، صبر، کشادہ دلی، منظم انتظامات اور اعلیٰ معیار کے ساتھ انجام دی جائے تاکہ زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha